
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا بیان: پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری کے نئے دور میں داخل ہو گئے
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات صدر رجب طیب ایردوان کی دانشمندانہ قیادت میں اسٹریٹجک شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔
وزیرِ اعظم، جو اس وقت تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں، نے ترکیہ کے 102ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ دونوں ممالک آزمودہ اور پائیدار تعلقات کی بنیاد پر باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کی بے پناہ صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے مل کر کوشاں ہیں۔
انہوں نے اپنے ایکس (X) اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں کہا:
"ترکیہ کے 102ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر میں پاکستان کے عوام کی جانب سے اپنے عزیز بھائی صدر رجب طیب ایردوان اور ترکیہ کے برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔”
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں کے دوران صدر ایردوان کی جری اور متحرک قیادت میں ترکیہ کی شاندار ترقی اور اقتصادی بحالی نے عالمی سطح پر تحسین حاصل کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ:
"ہم اپنے ترک بھائیوں کی کامیابیوں پر فخر محسوس کرتے ہیں اور ترقی و خوشحالی کے اس سفر میں ان کے مضبوط شراکت دار ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ ایمان، تاریخ اور اخوت کے ایسے رشتوں میں بندھے ہیں جو جغرافیہ اور وقت کی سرحدوں سے ماورا ہیں۔”