
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر رجب طیب اردوان کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق
اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور ایران پر اسرائیلی حملے سمیت خلیجی ممالک کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کی مذمت کی۔ انہوں نے صدر اردوان کو خلیجی ممالک کی قیادت کے ساتھ اپنے حالیہ رابطوں سے بھی آگاہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خلیجی ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بحران کے حل کے لیے تعمیری اور مثبت کردار کی تیاری سے بھی ترک صدر کو آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ زیادہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے اور صورتحال مزید بگڑنے سے بچائی جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم نے صدر اردوان کو افغانستان کے تناظر میں حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے قریبی اور مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔