
وزیرِاعظم شہباز شریف کا چیئرمین این ڈی ایم اے سے رابطہ، حالیہ بارشوں کی صورتحال پر بریفنگ، بروقت اقدامات کی ہدایت
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کے روز چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کو ٹیلی فون کیا اور آفات سے نمٹنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیرِاعظم کو ملک میں حالیہ بارشوں کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیرِاعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ تمام صوبائی حکومتوں، بالخصوص بالائی علاقوں کی حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور ہر ممکن معاونت فراہم کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ریسکیو اداروں، ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
وزیرِاعظم نے شہریوں کو موسم کی صورتحال سے بروقت آگاہ کرنے کے لیے موبائل فون پیغامات کے ذریعے اطلاع رسانی کے احکامات جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔