
وزیراعظم شہباز شریف کا گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے رابطہ، امدادی اقدامات کے لیے خصوصی سیل قائم
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی کے پیشِ نظر وزیراعظم ہاؤس میں ایک خصوصی سیل قائم کر دیا ہے اور متعلقہ اداروں کو فوری اور بھرپور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے مطابق وزیراعظم نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے متاثرہ علاقوں میں مکمل تعاون اور امداد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھے جائیں۔
وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کو ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کی حکومتوں سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے وزیراعظم ہاؤس میں قائم خصوصی سیل 24 گھنٹے این ڈی ایم اے کے ساتھ رابطے میں ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف بارشوں اور سیلابی صورتِ حال کے دوران تین مرتبہ این ڈی ایم اے کا دورہ کر کے ذاتی طور پر ریسکیو اور ریلیف اقدامات کا جائزہ لے چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ادارے خیبر پختونخوا میں انسانی جانوں کو محفوظ بنانے اور متاثرین کو بروقت امداد فراہم کرنے کے لیے وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
بعد ازاں وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں بارشوں اور سیلاب کی مجموعی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں کلاؤڈ برسٹ اور فلیش فلڈز سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کو ہدایت دی کہ خیمے، ادویات، خوراک اور دیگر امدادی سامان فوری طور پر متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جائے اور پھنسے ہوئے افراد و سیاحوں کو جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے گورنر خیبر پختونخوا اور وزیراعلیٰ سے دوبارہ ٹیلی فون پر رابطہ کیا، قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت اور پوری قوم کی ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔
 
                                        