
وزیر اعظم شہباز شریف کا بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے انتقال پر وزیر اعظم شہباز شریف نے گہرے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء پاکستان کی پُرعزم دوست تھیں اور پاکستان کی حکومت اور عوام اس دکھ کی گھڑی میں بنگلادیش کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں خالدہ ضیاء کے اہلِ خانہ اور بنگلادیشی عوام کے لیے ہماری دعائیں ہیں۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ خالدہ ضیاء کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء انتقال کر گئیں۔ وہ بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں اور طویل عرصے سے کئی بیماریوں میں مبتلا تھیں۔ ان کی عمر 80 برس تھی۔ بنگلادیش نیشنل پارٹی کے مطابق، خالدہ ضیاء کا انتقال دارالحکومت ڈھاکا کے اسپتال میں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے ہوا۔
خالدہ ضیاء، بنگلادیش کے سابق صدر ضیاء الرحمان کی اہلیہ تھیں اور طویل سیاسی کیریئر کے دوران ملک کی اہم سیاسی شخصیت کے طور پر پہچانی جاتی تھیں۔