
کوالالمپور: وزیرِاعظم شہباز شریف کو ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ملاقات کے موقع پر گارڈ آف آنر پیش
کوالالمپور، یورپ ٹوڈے: وزیرِاعظم پاکستان میاں شہباز شریف کو پیر کے روزملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں واقع "پردانا پُترا کمپلیکس” — دفترِ وزیراعظم ملیشیا — آمد پر شاندار گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وہ اپنے ملیشیائی ہم منصب انور ابراہیم سے ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات کے لیے یہاں پہنچے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف، جو تین روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیامیں موجود ہیں، کو ان کی آمد پر وزیراعظم انور ابراہیم نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ دونوں رہنما سلامی کے چبوترے پر کھڑے ہو کر مسلح افواج کے دستوں کو سلامی دیتے رہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے ملیشین افواج کے چاک و چوبند دستوں کے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے وفود کا تعارف کرایا اور دو طرفہ ملاقاتوں کے لیے اندرونِ عمارت روانہ ہوئے۔
دونوں وزرائے اعظم کے درمیان ون آن ون ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات میں پاکستان اور ملیشیا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مذاکرات میں تجارت، اطلاعات و مواصلات، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل معیشت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
مزید برآں، دونوں رہنما موجودہ اور نئے شعبوں میں تعاون سے متعلق متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخطوں کی تقریب کے بھی گواہ بنیں گے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِاطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
قبل ازیں، اتوار کی شب وزیرِاعظم کے طیارے کے "بونگا رایا انٹرنیشنل ایئرپورٹ” پر اترنے پر ملیشیا کے وزیرِمواصلات فہمی فاضل، پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے ان کا استقبال کیا۔