شہباز شریف،

وزیراعظم شہباز شریف، صدر اردوان اور صدر الہام علییف کی برادرانہ ملاقات، علاقائی یکجہتی کی علامت

خانکندی، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے ہفتے کے روز خانکندی، آذربائیجان میں منعقدہ 17ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) سربراہی اجلاس کے بعد برادرانہ ماحول میں ایک خوشگوار لمحات شیئر کیے۔

وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، تینوں رہنماؤں نے تاریخی شہر خانکندی کی سیر کے دوران دوستانہ اور غیر رسمی گفتگو کی۔ اس موقع پر صدر الہام علییف نے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر اردوان کو خانکندی کی تاریخ، ثقافتی ورثے اور اہم تاریخی مقامات سے متعلق بریفنگ دی۔

تینوں رہنماؤں کے درمیان یہ دوستانہ ملاقات پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے مابین مضبوط برادرانہ تعلقات کی علامت سمجھی جا رہی ہے۔ اس دوران تینوں قائدین نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے چل کر اخوت، یکجہتی اور باہمی محبت کا عملی مظاہرہ کیا، جو ان ممالک کے سہ فریقی تعلقات کی مثالی نوعیت کی عکاسی کرتا ہے۔

بعد ازاں، صدر الہام علییف نے ذاتی طور پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو تاریخی شہر شوشہ لے جایا، جہاں ان کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا گیا۔ یہ مہمان نوازی تینوں ممالک کی قیادت کے درمیان گرمجوش اور گہرے تعلقات کا مظہر تھی۔

یہ غیر رسمی اور برادرانہ میل جول نہ صرف اعلیٰ سطحی سفارتی روابط کو ایک انسانی پہلو فراہم کرتا ہے بلکہ اس امر کی بھی تصدیق کرتا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان علاقائی تعاون، باہمی احترام اور دیرپا دوستی کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

میکرون Previous post فرانسیسی صدر میکرون اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی ملاقات، کثیرالجہتی تعاون اور عالمی استحکام پر زور
محرم الحرام Next post ملک بھر کے بڑے شہروں میں 9 محرم الحرام کے جلوس، سیکیورٹی کے سخت انتظامات، موبائل سروس جزوی معطل