
وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی وزیر محسن نقوی کی عیادت، جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار
لاہور: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے وفاقی وزیر سینیٹر محسن نقوی کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم لاہور میں محسن نقوی کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے لیے دعا کی۔
ملاقات کے دوران ملک کی داخلی سیکیورٹی اور مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے داخلی سلامتی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ ذاتی طور پر سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مؤثر انداز میں برقرار رکھا جا سکے۔
واضح رہے کہ محسن نقوی گزشتہ اتوار کو اسلام آباد میں مظاہرین سے بات چیت کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔