
وزیراعظم شہباز شریف کا متوقع دورۂ سعودی عرب، اعلیٰ سطحی وفد ہمراہ ہوگا
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف جلد سعودی عرب کا اہم دورہ کریں گے، جس کے دوران ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے دورۂ سعودی عرب کی باضابطہ دعوت موصول ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وزیراعظم آئندہ 48 گھنٹوں میں ریاض روانہ ہوں گے۔
یہ دورہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مذاکرات کے فوراً بعد متوقع ہے، جس کے باعث اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے اور اسے خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے دونوں فریقین پر جنگ بندی معاہدوں کی مکمل پاسداری کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ پاکستان کی جانب سے مذاکرات میں سہولت کاری کا کردار جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔