
وزیرِاعظم شہباز شریف نے تزئین و آرائش کے بعد قذافی اسٹیڈیم لاہور کا افتتاح کردیا
لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیرِاعظم شہباز شریف نے تزئین و آرائش کے بعد لاہور میں نو تعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم کا باضابطہ افتتاح کردیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں وفاقی وزراء، وزیرِاعلیٰ پنجاب، صوبائی وزراء، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی، قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا ہدف کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے 2500 مزدوروں کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے اس منصوبے میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی بنانے پر ہونے والی تنقید اب دم توڑ چکی ہے، کیونکہ انہوں نے اپنی تقرری کو درست ثابت کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چند میچوں کی شکست پر کھلاڑیوں پر تنقید نہ کی جائے بلکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جائے، کیونکہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب میں کرکٹ کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تزئین و آرائش کے دوران اسٹیڈیم میں ایل ای ڈی لائٹس کے نئے ٹاورز، تمام انکلوژرز میں جدید کرسیاں، اور دو بڑی اسکرینز نصب کی گئی ہیں، جس سے شائقین کے لیے سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔