انعم خان

پاکستانی پولیس افسر انعم خان کو دبئی میں ’’ایکسلیس اِن کرمنل انویسٹی گیشن‘‘ کا عالمی ایوارڈ

دبئی، یورپ ٹوڈے: پنجاب پولیس کی باصلاحیت افسر انعم خان محمد شیر نے ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز 2025 میں ’’ایکسلیس اِن کرمنل انویسٹی گیشن‘‘ کا عالمی اعزاز جیت کر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ یہ ایوارڈ انہیں دبئی پولیس کی میزبانی میں ہونے والی ایک پر وقار تقریب کے دوران پیش کیا گیا، جس میں دنیا کے 90 سے زائد ممالک سے پولیس سربراہان اور سیکیورٹی ماہرین نے شرکت کی۔

انعم خان اس وقت پنجاب کے شہر سرگودھا میں بطور تحقیقاتی آفیسر فرائض انجام دے رہی ہیں۔ انہیں یہ اعزاز دو اہم قتل کیسز کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں حل کرنے پر دیا گیا ہے۔

پہلے کیس میں، انعم خان نے 12 سالہ گھریلو ملازمہ عائشہ بی بی کے لرزہ خیز قتل کی تفتیش کی، جس میں محض 72 گھنٹوں کے اندر ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا گیا۔ دوسرے کیس میں، ایک نوجوان محسن کے قتل میں ملوث افراد کو صرف 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا، جو ان کی تیزرفتار اور مؤثر تفتیشی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

منتظمین کے مطابق، انعم خان کا انتخاب دنیا بھر سے موصول ہونے والی 900 سے زائد تحقیقاتی رپورٹس کے تفصیلی جائزے کے بعد کیا گیا، جو ان کی غیر معمولی صلاحیتوں اور قائدانہ قابلیت کو اجاگر کرتا ہے۔

ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد دبئی میں گفتگو کرتے ہوئے انعم خان نے کہا:

"یہ صرف میری نہیں، بلکہ پوری پنجاب پولیس اور پاکستان کی کامیابی ہے۔ میرے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ میں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہی ہوں اور یہ ثابت کر رہی ہوں کہ ہم عالمی معیار کی پولیسنگ کے قابل ہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ:

"یہ اعزاز میری پوری ٹیم اور ان اقدار کو خراجِ تحسین ہے، جو ہمیں انصاف کی فراہمی اور عوام کے تحفظ کے لیے متحرک رکھتی ہیں۔”

بین الاقوامی ماہرین کا کہنا ہے کہ انعم خان کو دیا گیا یہ اعزاز پاکستانی پولیس فورس کی بڑھتی ہوئی پیشہ ورانہ مہارت، تربیت اور تحقیقاتی نظام کی بہتری کا عکاس ہے۔

یاد رہے کہ ’’ورلڈ پولیس سمٹ‘‘ دنیا بھر میں پولیسنگ کے میدان میں غیر معمولی کارکردگی کو تسلیم کرنے والا ایک مؤقر بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے، جو ہر سال متحدہ عرب امارات کی سرپرستی میں منعقد کیا جاتا ہے۔

یومِ تشکر: پاکستان بھر میں "معرکۂ حق" کی تاریخی کامیابی اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے تقاریب Previous post یومِ تشکر: پاکستان بھر میں "معرکۂ حق” کی تاریخی کامیابی اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے تقاریب
ازبکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان نوجوانوں سے متعلق تعاون بڑھانے پر اتفاق Next post ازبکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان نوجوانوں سے متعلق تعاون بڑھانے پر اتفاق