مریم نواز

بسنت کے آغاز پر وزیراعلیٰ پنجاب کا بیان، خوشیاں ذمہ داری سے منانے پر زور

لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کے آغاز پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پچیس برس بعد لاہور کے آسمان پر ایک بار پھر پتنگیں نظر آ رہی ہیں، جو خوشی اور ثقافتی سرگرمیوں کی واپسی کی علامت ہیں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ بسنت کی خوشیاں ذمہ داری کے ساتھ منائی جائیں اور تمام حفاظتی معیاری طریقۂ کار (ایس او پیز) پر سختی سے عمل کیا جائے، تاکہ یہ تہوار ہر فرد کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ خوشی کے اس موقع پر احتیاط اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے، تاکہ کسی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

مریم نواز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت اور رہنمائی کے باعث پنجاب اور پاکستان میں خوشی اور سکون کی فضا بحال ہوئی ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے بسنت کے موقع پر پتنگیں اڑنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی، جس میں شہریوں کو جشن مناتے اور بسنت کی خوشیوں سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

بسنت Previous post بسنت فیسٹیول شروع، لاہور کی فضا میں بوکاٹا کی گونج
اقوام متحدہ Next post کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کا احترام کیا جائے، اقوام متحدہ میں پاکستان کا مطالبہ