
ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکرعبداللہ کی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات
لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ سے ملاقات کے دوران اُن کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے زراعت، تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تجارت سمیت متعدد شعبہ جات میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں، جنہیں عملی اقدامات کے ذریعے حقیقت کا روپ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر جمال بکر عبداللہ نے حکومت پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی اور فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایتھوپیا پاکستان، خصوصاً پنجاب کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے تعلقات دن بہ دن مستحکم ہو رہے ہیں، اور یہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
ایتھوپیا کے سفیر نے مزید بتایا کہ رواں برس ایتھوپیا پاکستان کی سنگل کنٹری نمائش کی میزبانی کر رہا ہے، جو باہمی اقتصادی و ثقافتی روابط کو فروغ دینے میں سنگِ میل ثابت ہو گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایتھوپیا سے پاکستان کے لیے ڈائریکٹ فلائٹ کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط کا مظہر قرار دیا اور اس اہم پیش رفت پر مبارکباد دی۔