
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور محمد نواز شریف کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات، دوطرفہ تعاون پر تبادلۂ خیال
لاہور،یورپ ٹوڈے: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے محمد نواز شریف کی پاکستان کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے قومی ترقی میں ان کے کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ جین میریٹ نے وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں جاری ترقیاتی اقدامات کی تعریف کی اور لاہور میں بسنت کے تہوار کے انعقاد پر بھی مسرت کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے، باہمی تعاون کے فروغ اور ثقافتی تعلقات کے استحکام کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات کو پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت قرار دیا گیا، جو مستقبل میں تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔