
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی حرم ریحان کو بھارتی ریکارڈ توڑ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانے پر مبارکباد
لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی نوجوان ایتھلیٹ حرم ریحان کو چھ سال پرانا بھارتی ریکارڈ توڑ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنانے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
گورنمنٹ کالج فار ویمن، سیٹلائٹ ٹاؤن گوجرانوالہ کی طالبہ حرم ریحان نے ایک منٹ میں 143 گھٹنے کے وار (کنی اسٹرائیکس) کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا، جس کے ذریعے انہوں نے چھ برس سے قائم ایک بھارتی مرد کھلاڑی کا ریکارڈ توڑ دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے حرم ریحان کی اس شاندار کامیابی پر انہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے کوچنگ اسٹاف کی محنت اور لگن کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ حرم ریحان نے پاکستانی پرچم کو بلند کیا ہے اور وہ لڑکیوں کے لیے ایک روشن مثال بن کر سامنے آئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی بیٹیاں محنت، عزم اور لگن کے ذریعے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی اور انہیں عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی بیٹیاں تنہا نہیں ہیں اور حکومت ہر اس نوجوان لڑکی کے ساتھ کھڑی ہے جو کامیابی اور اعلیٰ کارکردگی کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔