
پنجاب میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم منصوبوں کی منظوری
لاہور، یورپ ٹوڈے: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اہم منصوبوں کی منظوری دے دی۔ انہوں نے کم از کم اجرت کے نفاذ کو یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ورکروں کو کم از کم 37 ہزار روپے ماہانہ ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں لیبر کالونیوں کے قیام کے لیے جامع پلان طلب کر لیا، جبکہ سوشل سیکیورٹی اسپتالوں کی ری ویمپنگ کے احکامات بھی جاری کیے۔ اسی سلسلے میں، لاہور اور راولپنڈی اسلام آباد میں مریم نواز ویلنس سینٹر قائم کیے جائیں گے، جہاں مریضوں کی اسکریننگ کے بعد انہیں بڑے اسپتالوں میں ریفر کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں، لاہور کے ڈیفنس روڈ پر 200 بیڈز پر مشتمل رحمت اللعالمین کارڈیالوجی سینٹر کے قیام کی اصولی منظوری دے دی گئی، جبکہ رحیم یار خان میں 50 بیڈز کا نیا سوشل سیکیورٹی اسپتال بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے لیبر قوانین میں ترامیم کی ہدایت جاری کر دی۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر محنت فیصل ایوب کھوکھر سے مشاورتی اجلاس میں تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے ایک جامع پلان طلب کیا۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ “محنت کش اللہ کے دوست ہیں اور ہم ان کو کسی صورت ناراض نہیں کر سکتے۔ پنجاب کو مزدوروں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ایک مثالی صوبہ بنائیں گے۔ مزدور کی اجرت، علاج معالجہ، بہتر روزگار اور اپنی چھت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ کوئی مزدور بھوکا نہ سوئے اور کسی کو دکھ اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔”
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ مزدوروں کے بچوں کے لیے اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ محنت کش طبقے کی فلاح کو یقینی بنایا جا سکے۔