
پنجاب میں ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ پروگرام کا آغاز، صوبائی حکومت نے جدید اقدامات کی منظوری دے دی
لاہور، یورپ ٹوڈے: پنجاب کابینہ نے مریم نواز کی زیر صدارت اپنے 32ویں اجلاس میں صوبے میں زرعی ترقی اور نوجوانوں کے روزگار کے فروغ کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں سرکاری زرعی اراضی کاشت کے لیے فراہم کی جائے گی تاکہ کسانوں اور نوجوانوں کو خود کفالت کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ ابتدائی طور پر 50 ہزار افراد کو کاشت کے لیے سرکاری زمین فراہم کی جائے اور اس سلسلے میں فوری اقدامات کیے جائیں۔
نوجوانوں کے روزگار کے فروغ کے لیے صوبائی حکومت نے سی سی ڈی، ایکسائز، ہوم ڈپارٹمنٹ اور دیگر محکموں میں سیکڑوں اسامیوں کی منظوری بھی دی ہے۔
پنجاب میں نئے سفری انقلاب کے تحت تحصیل سطح تک الیکٹرک بس سروس کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز نے ہدایت دی کہ 1 ہزار گرین بسیں منگوائی جائیں تاکہ صوبے میں صاف ستھری اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی جا سکے۔
کابینہ نے 25 مارچ سے الیکٹرک بس میں کیش لیس ادائیگی سسٹم نافذ کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ اس نظام کے تحت مسافر کیش ادائیگی کرنے کی صورت میں زیادہ کرایہ ادا کریں گے جبکہ ٹی کیش اور بینک کارڈ کے ذریعے ادائیگی پر معمولی کرایہ لاگو ہوگا۔
مزید برآں، پنجاب کی ثقافت اور لائیو اسٹاک کے فروغ کے لیے تمام اضلاع میں ہارس اینڈ کیٹل شو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مقامی صنعت اور روایتی سرگرمیوں کو فروغ ملے۔ ہر ضلع میں ہارس اینڈ کیٹل شو کے انداز میں تقریبات کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔
یہ اقدامات صوبے میں زرعی ترقی، نوجوانوں کے روزگار اور پبلک ٹرانسپورٹ کے جدید نظام کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع حکمت عملی کے تحت کیے جا رہے ہیں۔