
پاک فضائیہ کا یومِ فضائیہ پر پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر کو خراجِ عقیدت
کراچی، یورپ ٹوڈے: پاک فضائیہ کے عظیم ہیرو پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید، نشانِ حیدر، کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے آج ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے ایئر وائس مارشل عامر شہزاد، ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ، کی قیادت میں فاتحہ خوانی کی اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی ایئر اسٹاف، کی جانب سے شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
تقریب کے دوران شہید کے عظیم قربانی کو شاندار الفاظ میں یاد کیا گیا۔ شرکاء نے عہد کیا کہ پاکستان فضائیہ کو ایک ناقابلِ تسخیر دفاعی حصار بنانے کے لیے ہر لمحہ تیار رہیں گے اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔
بعد ازاں ایئر وائس مارشل عامر شہزاد نے پی اے ایف میوزیم کراچی میں یادگارِ شہداء پر بھی پھولوں کی چادر چڑھائی اور آپریشن “بنیانِ مرصوص” کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یومِ فضائیہ اس عزم کی یاد دہانی ہے کہ 1965 کی پاک-بھارت جنگ میں پاک فضائیہ کے جانبازوں اور شہداء نے جس بہادری اور قربانی سے دشمن کے عزائم ناکام بنائے، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھے گئے ہیں۔ یہ عظیم ورثہ آج بھی نئی نسل کو جذبۂ حب الوطنی اور دفاع وطن کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔