شہباز شریف

وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیشہ ورانہ تربیت کے نئے ایکوسسٹم پر جائزہ اجلاس

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: اسلام آباد میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پیشہ ورانہ تربیت کے نئے متعارف کردہ ایکوسسٹم پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِاعظم نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیرِاعظم نے تکنیکی و فنی تربیتی پروگرامز کے لیے نئے اہداف مقرر کرنے اور اپرنٹس شپ قانون پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت کو عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے کے لیے بین الاقوامی سرٹیفکیشنز کی فراہمی ایک خوش آئند اقدام ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ خلیجی ممالک میں پاکستانی افرادی قوت کی کھپت کے فروغ کے لیے وزارتِ خارجہ اور وزارتِ اوورسیز پاکستانی اپنی کوششوں میں تیزی لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان افرادی قوت بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ہے اور اسے درست سمت میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادے کے لیے نیوٹیک کے ذریعے جامع پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے تحت تکنیکی و فنی تربیتی پروگرامز کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

وزیرِاعظم نے طلبہ اور اساتذہ کے لیے بائیومیٹرک نظام کے تحت حاضری کا مؤثر نظام نافذ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کو یقینی بناتے ہوئے نیوٹیک کے پروگرامز کو مزید وسعت دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افرادی قوت کو تربیت فراہم کی جا سکے۔

وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ نوجوانوں کو بین الاقوامی سرٹیفکیشن کے ساتھ معیاری تربیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے نیوٹیک کے تحت ان اداروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی جن کی کارکردگی تسلی بخش نہیں، اور ایسے اداروں کی رکنیت معطل کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے نیوٹیک کے نظام کی مکمل ڈیجیٹائزیشن اور آن لائن مانیٹرنگ سسٹم کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔

علییف Previous post آزاد علاقے میں دو بڑے ذخائر کی تعمیر کا آغاز 2026 میں متوقع، صدر الہام علییف
ویتنام Next post ویتنام کی معیشت عالمی سطح پر روشن مثال اور مستحکم شراکت دار کے طور پر ابھری