سائنس اولمپیاڈ

پاکستانی طلباء کا شاندار عالمی کارنامہ: انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں 4 تمغے جیت لیے

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستانی طلباء نے بین الاقوامی سطح پر سائنس کے میدان میں ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ملائیشیا میں منعقدہ انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ 2025 میں مجموعی طور پر 4 تمغے جیت کر ملک کا نام روشن کر دیا۔

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) کے اعلامیے کے مطابق، پاکستانی طلباء نے ایک گولڈ، ایک سلور اور دو برانز میڈلز حاصل کیے۔ محمد طیب بخاری نے گولڈ میڈل، عمار اسد وڑائچ نے سلور میڈل، جبکہ رواح جاوید اور تطہیر آئمہ نقوی نے برانز میڈلز اپنے نام کیے۔

نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ 30 جولائی سے 5 اگست 2025 تک ملائیشیا میں منعقد ہوا، جس میں چین، جاپان، ترکی سمیت 19 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی۔ اس بین الاقوامی مقابلے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت ڈاکٹر سجاد طاہر اور ڈاکٹر محمد مقصود نے کی۔

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے طلباء کی اس شاندار کامیابی کو نیوکلیئر تعلیم کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی PAEC کی نوجوان سائنسدانوں کی تربیت میں موثر کردار کی مظہر ہے۔

یہ عالمی اعزاز نہ صرف پاکستان کی علمی و سائنسی ترقی کی علامت ہے بلکہ مستقبل میں نیوکلیئر سائنس کے میدان میں نوجوانوں کے روشن کردار کا پیش خیمہ بھی ہے۔

ایران Previous post ایران کے قومی مفادات کے فروغ کے لیے میڈیا اور سفارت کاری کے درمیان مضبوط ہم آہنگی کی ضرورت ہے، وزیر خارجہ عباس عراقچی
اے ڈی پورٹس گروپ Next post اے ڈی پورٹس گروپ کا پاکستان میں اسٹریٹجک وسعت کی جانب اہم قدم، اسلام آباد میں دفتر کا باقاعدہ افتتاح