شنگھائی تعاون تنظیم کے 23ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر اسلام آباد پہنچ گئے
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: بھارتی وزیرِ خارجہ کو لانے والا بھارتی ایئر فورس کا خصوصی طیارہ 3 بج کر 26 منٹ پر نور خان ایئر بیس پر لینڈ کیا۔ جے شنکر دہلی سے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے تھے اور ان کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے۔ نور خان ایئر بیس پر بھارتی وزیرِ خارجہ اور ان کی ٹیم کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
جے شنکر وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے دی جانے والی خصوصی ضیافت میں بھی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اہم سفارتی امور پر بات چیت متوقع ہے۔
یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا 23واں سربراہی اجلاس آج اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے، جس میں میزبان پاکستان سمیت 8 رکن ممالک کے وزرائے اعظم اور اعلیٰ شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔ اجلاس میں علاقائی تعاون، امن و استحکام، اور اقتصادی ترقی جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔