
اٹلی کے شمالی و وسطی علاقوں میں شدید طوفان
روم، یورپ ٹوڈے: اٹلی کے شمالی اور وسطی علاقوں میں شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ کی سطح بدستور بلند ہے، جبکہ دریائے پو کے پانی کی سطح میں اضافے کے باعث لمبارڈیا اور ایمیلیا-رومانیا میں سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔
ایسٹر سے صرف چند روز قبل اٹلی کو شدید موسم کا سامنا ہے۔ جمعرات کے روز شمال مغربی علاقوں میں تیز ہواؤں، موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے نتیجے میں کئی شہروں میں سیلاب آیا اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔
نقل و حمل کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں ٹریفک کی روانی میں شدید خلل پیدا ہوا ہے اور متعدد سڑکیں اور موٹرویز بند ہونے کے باعث بعض علاقے مکمل طور پر منقطع ہو گئے ہیں۔
جمعہ کی صبح طوفان نے شمال مشرقی اور وسطی علاقوں کا رخ کر لیا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں پیڈمونٹ، لمبارڈیا اور وینیٹو شامل ہیں۔
اٹلی کے محکمہ شہری تحفظ نے جمعہ، 18 اپریل کو لمبارڈیا اور ایمیلیا-رومانیا کے لیے “ریڈ الرٹ” جاری کیا ہے، جبکہ لمبارڈیا کے دیگر دو علاقوں میں “اورنج الرٹ” اور ملک کی آٹھ مختلف ریاستوں میں “یلو الرٹ” نافذ کیا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسمی اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔