
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بم دھماکے کی شدید مذمت
اسلام آباد ، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور اس واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے بلند درجات کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کی جائے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔
دوسری جانب، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی نوشکی دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کرتے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا سفاکیت کی انتہا ہے اور اس بزدلانہ حملے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی مذموم سازش کر رہے ہیں، لیکن اس طرح کی کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔
وزیر داخلہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ دہشت گردوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ملک دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔