
وزیرِاعظم شہباز شریف کا جنوبی کوریا میں طیارہ حادثے پر افسوس
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیرِاعظم شہباز شریف نے جنوبی کوریا کے موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے المناک طیارہ حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیرِاعظم نے کہا کہ طیارہ حادثے کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا، جس میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم کورین عوام اور جمہوریہ کوریا کی حکومت کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا کی ایئرلائن کا طیارہ لینڈنگ کے دوران آگ لگنے کے باعث حادثے کا شکار ہوا، جس کے نتیجے میں 124 افراد ہلاک ہوگئے۔
مقامی فائر ایجنسی کے مطابق، کئی افراد طیارے سے باہر گرنے کے باعث ہلاک ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ پرندہ ٹکرانا اور خراب موسم قرار دی گئی ہے، تاہم اصل وجہ تفصیلی تحقیقات کے بعد معلوم ہوگی۔
حادثے کا شکار طیارہ بنکاک سے جنوبی کوریا واپس جارہا تھا۔