
وزیر اعظم شہباز شریف کا عزم: پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سے پولیو کے مرض کا مکمل خاتمہ ہر قیمت پر یقینی بنانا ہوگا، اور یہ ہدف مشترکہ کاوشوں سے ہی ممکن ہوگا۔
وہ اتوار کو اسلام آباد میں 2025 کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ انسداد پولیو تعاون پر عالمی ادارہ صحت (WHO)، یونیسف، سعودی عرب اور دیگر عالمی شراکت داروں کے شکر گزار ہیں، جن کی مدد سے پاکستان میں لاکھوں بچوں کو پولیو سے محفوظ بنایا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پولیو ورکرز ملک کے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں بھی خدمات انجام دے رہے ہیں، جو کہ ایک قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ملک میں 77 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے، جو کہ ایک بڑا چیلنج تھا، جبکہ 2025 میں اب تک صرف ایک کیس ریکارڈ ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ پولیو کے کوئی مزید کیس سامنے نہیں آئیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے افغانستان کے ساتھ بھی رابطے میں ہے اور امید ہے کہ دونوں ممالک باہمی تعاون سے اس مرض کو جڑ سے ختم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے انسداد پولیو مہم میں تعاون پر بل گیٹس فاؤنڈیشن، WHO، یونیسف اور سعودی عرب سمیت دیگر عالمی شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ملک بھر میں مربوط حکمت عملی کے تحت انسداد پولیو مہم جاری رکھی جائے گی۔
رواں سال کی پہلی انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے کروڑوں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، تاکہ انہیں اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکے۔ وزیر اعظم نے پولیو ورکرز کی محنت اور قربانیوں کو بھی سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے تک ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔