
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط
ریاض، یورپ ٹوڈے: وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور سعودی عرب کے ولی عہد و وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے بدھ کے روز ریاض میں دونوں ممالک کے درمیان "اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے” پر دستخط کیے۔ معاہدے کے مطابق کسی بھی ملک پر ہونے والا حملہ دونوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کے درمیان سلامتی کے فروغ اور خطے و دنیا میں امن کے حصول کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ معاہدے کا مقصد دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاعی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری پر مبنی ہے، جو اخوت، اسلامی یکجہتی، مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اور قریبی دفاعی تعاون کی بنیادوں پر استوار ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا، جہاں الیمامہ پیلس ریاض میں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے وفود کی موجودگی میں باضابطہ اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کے آغاز میں وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات اور تہنیتی پیغام پہنچایا۔ دونوں فریقین نے تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد محمد بن سلمان کا پُرجوش خیرمقدم اور شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور سعودی قیادت اور عوام کے لیے ترقی و خوشحالی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔