
اسموگ کی شدت برقرار، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہر میں سرفہرست، پنجاب حکومت نے پانچویں جماعت تک اسکول بند کر دیے
لاہور، یورپ ٹوڈے: دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور آج ایک بار پھر سرِ فہرست آ گیا ہے۔ اسموگ کی بڑھتی ہوئی شدت کے باعث پنجاب حکومت نے لاہور میں آج سے ایک ہفتے کے لیے پانچویں جماعت تک کے تمام اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اسموگ کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ ڈائیلاگ کے ذریعے ہی اسموگ کی شدت میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج وزارتِ خارجہ کو بھارت کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت کرنے کے لیے خط لکھا جائے گا۔ ساتھ ہی اسموگ سے متعلق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پنجاب کے مختلف شہروں جیسے نارووال، حافظ آباد، فیصل آباد اور راولپنڈی میں بھی اینٹی اسموگ آپریشن جاری ہے۔ لاہور میں جمعہ اور اتوار کی راتوں کو ہیوی وہیکلز کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمۂ ٹرانسپورٹ کے ترجمان کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں لاہور میں 1,344 گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا، 2,397 گاڑیوں کے خلاف چالان جاری کیے گئے اور 1 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ اس دوران 9,000 گاڑیوں کی فٹنس کا معائنہ کیا گیا اور 2 ڈرائیورز کو گرفتار بھی کیا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ 5,000 گاڑیوں کو تکنیکی معیار پر پورا اترنے پر فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے ہیں۔