
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا شرح سود برقرار رکھنے کا اعلان
کراچی، یورپ ٹوڈے: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود 12 فیصد کی سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیوز ہب کنسلٹنٹس کے مطابق، مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس آج منعقد ہوا جس میں آئندہ ڈیڑھ ماہ کے لیے پالیسی ریٹ کا تعین کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شرح سود 12 فیصد کی سطح پر ہی برقرار رہے گی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق، خوراک اور توانائی کی قیمتوں میں کمی کے باعث فروری میں مہنگائی توقع سے کم رہی، تاہم مہنگائی کی سطح اب بھی بلند ہے۔ معاشی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جو معاشی اظہاریوں، صارفین اور کاروباری اعتماد کے تازہ ترین سروے سے ظاہر ہوتا ہے۔
مانیٹری پالیسی بیان میں کہا گیا کہ پائیدار نمو کے لیے ساختی اصلاحات ضروری ہیں، اور توقع ہے کہ مہنگائی میں بتدریج کمی آئے گی۔ رواں مالی سال میں مہنگائی کی شرح 5 سے 7 فیصد رہنے کی توقع ہے، جبکہ معاشی ترقی کی شرح نمو 2.5 سے 3.5 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
مانیٹری پالیسی بیان میں مزید کہا گیا کہ بلند تعدد (فریکوئنسی) کے اظہاریوں، بشمول گاڑیوں، پیٹرولیم مصنوعات اور سیمنٹ کی فروخت کے ساتھ ساتھ درآمدی حجم، نجی شعبے کے قرضوں اور پرچیزنگ منیجرز انڈیکس سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاشی سرگرمیوں کی رفتار میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
بڑے پیمانے کی اشیا سازی (ایل ایس ایم) کی نمو میں چند کم وزن کے حامل ذیلی شعبوں میں رکاوٹ دیکھی گئی ہے، تاہم ٹیکسٹائل، دواسازی، گاڑیوں اور پیٹرولیم مصنوعات جیسے اہم شعبوں کی مثبت نمو نے اس اثر کو کافی حد تک زائل کر دیا ہے۔
مالی سال 25ء کی دوسری ششماہی میں معاشی نمو کی بحالی متوقع ہے۔ مجموعی طور پر، کمیٹی نے مالی سال 25ء کے لیے 2.5 فیصد تا 3.5 فیصد کی حقیقی جی ڈی پی میں نمو کی پیش گوئی کو برقرار رکھا ہے۔
درآمدات میں اضافے کی بدولت جنوری 2025ء میں جاری کھاتے میں خسارہ ہوا، اور مالی سال 25ء کے دوران مجموعی فاضل 0.7 ارب ڈالر تک سکڑ گیا۔ تاہم، قرضوں کی واپسی میں کمی اور مالی سال 25ء کے بقیہ مہینوں میں سرکاری رقوم کی متوقع وصولی سے امید ہے کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر جون 2025ء تک 13 ارب ڈالر سے زائد ہو جائیں گے۔