اسٹیٹ بینک

اسٹیٹ بینک نے نئے بینک نوٹوں کی سیریز سے متعلق وضاحت جاری کر دی

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کرنسی نوٹوں کی نئی سیریز کے حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوری میں آرٹ مقابلے کے ذریعے نوٹوں کی ڈیزائننگ کا عمل شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا اور بین الاقوامی سطح پر بہترین ڈیزائن کی تیاری میں عوام کو شامل کرنا تھا۔

کراچی سے جاری کردہ اسٹیٹ بینک کے اعلامیہ کے مطابق، اس مقابلے کا مقصد صرف فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہنا تھا اور اسے بینک نوٹوں کی نئی سیریز کے حتمی ڈیزائن کے ساتھ منسلک نہیں کیا گیا تھا۔ مقابلے کے نتائج کا اعلان 5 ستمبر کو کیا گیا اور جیتنے والے فنکاروں کو انعامات سے نوازا گیا۔

اسٹیٹ بینک نے مزید وضاحت کی کہ مقابلے کے نتیجے میں منتخب ہونے والے ڈیزائنز نئے بینک نوٹوں کے لیے استعمال نہیں ہوں گے، بلکہ بینک نوٹوں کی نئی سیریز کے ڈیزائن معروف بین الاقوامی کمپنیاں تیار کریں گی، جو دسمبر 2024 تک اپنی تجاویز پیش کریں گی۔

نوٹوں کے حتمی ڈیزائن اسٹیٹ بینک بورڈ کی منظوری کے بعد وفاقی حکومت کو پیش کیے جائیں گے، اور حکومتی منظوری کے بعد ہی نوٹوں کی چھپائی کا عمل شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ اس آرٹ مقابلے کے دوران سامنے آنے والے ڈیزائنوں کو عوام کی طرف سے بھی خوب پذیرائی ملی، تاہم اسٹیٹ بینک نے تصدیق کی ہے کہ یہ ڈیزائن نئے کرنسی نوٹوں کے لیے حتمی نہیں ہیں۔

زرد دریا Previous post چین کے صدر شی جن پنگ کا زرد دریا بیسن کی ماحولیاتی تحفظ اور اعلیٰ معیار کی ترقی میں نئی راہیں تلاش کرنے پر زور
چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ آف ایویلیو ایشن Next post چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ آف ایویلیو ایشن کے چیئرپرسن کا بی ایف سی راولپنڈی ڈویژن کا دورہ