
شمالی وزیرستان میں کامیاب آپریشن، صدر زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کے روز شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا، جس میں پاک-افغان سرحد کے قریب آٹھ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر زرداری نے دہشت گردوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع اور سرحدوں کے تحفظ میں سکیورٹی فورسز کا کردار قومی فخر کا باعث ہے۔ صدر نے افغان عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
وزیراعظم آفس سے جاری علیحدہ بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے آٹھ خوارج دہشت گردوں کے خاتمے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس غیر متزلزل عزم میں اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا۔