کورنگی

پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی کورنگی میں  پاسنگ آؤٹ پریڈ  کا انعقاد

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی، کورنگی کریک میں ٹریننگ  مکمل کرنے والے ٹرینیز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ پریڈ میں انٹری نمبرز 2306، 2406 اور 2412 کے ٹرینیز شامل تھے ۔  ائیر مارشل کاشف قمر تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی کی آمد پر اُن کا استقبال ایئر وائس مارشل محمد شاہد افضال ، ایئر آفیسر کمانڈنگ، پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی، کورنگی کریک نے کیا۔ اس موقع پر پاکستان ایئر فورس، پاکستان نیوی اور دوست ممالک کے مجموعی طور پر 1155 ٹرینیز نے کامیابی کے ساتھ اپنی ٹریننگ  مکمل کی۔

پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پاک فضائیہ ایک نہایت پیشہ ورانہ ادارہ ہے جس کو  اپنی مثالی جرأت ،بہادری اور آپریشنل تیاری کی وجہ سے ایک مؤثر جنگی قوت کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔  اُنہوں نے کہا کہ سربراہ پاک فضائیہ ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے نظریے سے ہم آہنگ ، پی اے ایف ائیر مین اکیڈمی کورنگی اپنے ائیرمین کی پیشہ ورانہ تربیت جدید عسکری ماحول کے تقاضوں کے عین مطابق کرنے میں سرگرداں ہے تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ اس امر کی شاہد ہے کہ پاک فضائیہ  نے ہمیشہ آزمائش کے اوقات میں تاریخی جرات اور بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ  کیا۔ جدید طیاروں اور مضبوط فضائی  و دفاعی نظام کی شمولیت کے باعث پاک فضائیہ کو دنیا کی صفِ اول کی فضائی افواج میں شمار کیا جاتا ہے۔  تقریب سے خطاب میں مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان المرصوص میں پاک فضائیہ  کی کامیابی اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری اور سربراہ پاک فضائیہ کی پُرعزم قیادت کا واضح ثبوت ہے۔ مہمانِ خصوصی نے اس امر پر زور دیا کہ دنیا نے پاک فضائیہ کی جانب سے ملٹی ڈومین آپریشنز، جن میں خلائی، سائبر اور الیکٹرونک جنگ کے عناصر کو بروئے کار لاتے ہوئے طویل فاصلہ طے کرنے والے میزائیل، بغیر پائلٹ ہوائی نظام اور کلر ڈرونز شامل ہیں، کے ذریعے اپنے سے بڑے دشمن کو انتہائی مہارت سے زیر کرتے دیکھا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہماری تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو جدید دور کے تقاضوں سے پوری طرح ہم آہنگ رکھنے کی ضرورت ہے تا کہ قابل اور پیشہ ورانہ امور میں ماہر ائیرمین تیار کیے جاسکیں۔

تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے ٹرینیز میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ مجموعی بہترین کارکردگی پر چیف آف دی ایئر اسٹاف ٹرافی ایئرکرافٹ مین احمد حسین عارف نے حاصل کی۔ ایروناٹکس میں بہترین کارکردگی پر اصغر خان ٹرافی ایئرکرافٹ مین حمزہ علی کے نام رہی جبکہ ایرو ایویانکس ٹیکنالوجی میں مہارت پر نور خان ٹرافی ایئرکرافٹ مین احمد حسین عارف نے حاصل کی۔ جنرل سروس ٹریننگ میں شاندار پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایئر آفیسر کمانڈنگ ٹرافی اکیڈمی سارجنٹ ایئرکرافٹ مین شفاعت نور نے جیتی۔ سری لنکا کے ایل اے سی ٹی ایچ جی این ڈی ہیراتھ کو بہترین غیر ملکی ٹرینی قرار دیتے ہوئے ٹرافی سے نوازا گیا ۔

مہمان خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والے ٹرینیز اور ان کے عزیز واقارب کو مبارکباد پیش کی اور انکے لیے تابناک مستقبل اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے اکیڈمی کے تدریسی عملے کو بھی ان کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ خدمات، عزم اور اعلیٰ معیار کی تربیت پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

شہباز شریف Previous post وزیراعظم شہباز شریف نے ٹی چوک فلائی اوور اور اسلام آباد ایکسپریس وے سگنل فری کوریڈور منصوبوں کا افتتاح کر دیا
سفارت خانے Next post اسلام آباد میں رومانیئن سفارت خانے کے زیرِ اہتمام کرسمس کنسرٹ، رومانیئن کلچرل ڈیز کا اختتام