بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کا حملہ، 80 مسافر بازیاب

بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کا حملہ، 80 مسافر بازیاب

بولان، یورپ ٹوڈے: بلوچستان کے ضلع بولان میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرکے مسافروں کو یرغمال بنا لیا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 80 مسافروں کو بازیاب کروا لیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ حملہ بولان پاس، ڈھاڈر کے مقام پر پیش آیا، جہاں دہشت گردوں نے ٹرین کو نشانہ بنایا اور معصوم شہریوں کو یرغمال بنا لیا۔ رپورٹ کے مطابق، حملہ آوروں نے ٹرین کو ایک سرنگ میں روک کر خواتین اور بچوں سمیت مسافروں کو قیدی بنا لیا۔

سیکیورٹی فورسز نے مشکل راستوں اور دشوار گزار علاقے کے باوجود فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کلیئرنس آپریشن کا آغاز کیا۔ ذرائع کے مطابق، اس کامیاب آپریشن کے نتیجے میں 80 مسافروں کو بازیاب کرا لیا گیا، جن میں 43 مرد، 26 خواتین اور 11 بچے شامل ہیں۔

ابھی بھی کچھ مسافروں کو دہشت گردوں نے یرغمال بنا رکھا ہے، جن کی بحفاظت بازیابی کے لیے سیکیورٹی فورسز بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کا بیرون ملک اپنے سہولت کاروں سے بھی رابطہ ہے، جبکہ ان کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

قبل ازیں اطلاعات تھیں کہ نامعلوم افراد کی جانب سے جعفر ایکسپریس پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔ زخمی ڈرائیور کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ سبی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس پر فائرنگ بولان کے علاقے پیروکنری میں ہوئی۔ سیکیورٹی فورسز اور مسلح حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ جعفر ایکسپریس میں اس وقت 400 مسافر سوار تھے۔

کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ایمرجنسی ڈیسک قائم

فائرنگ کے واقعے کے بعد کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ایمرجنسی انفارمیشن ڈیسک قائم کر دیا گیا، جہاں ریلوے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ڈیسک کے اہلکار کا کہنا ہے کہ یہ ڈیسک جعفر ایکسپریس واقعے کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے، تاہم تاحال مزید تفصیلات موصول نہیں ہوئیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی مذمت

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم مسافروں پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ایران کے سفارت خانے کی بلوچستان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت Previous post ایران کے سفارت خانے کی بلوچستان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت
پیرس میں شیخ عبداللہ بن زاید اور فرانسیسی وزیر اقتصادیات کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال Next post پیرس میں شیخ عبداللہ بن زاید اور فرانسیسی وزیر اقتصادیات کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال