
حکومت پاکستان نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا
اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: حکومتِ پاکستان نے عوام پر ایک اور پیٹرول بم گراتے ہوئے یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جن کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارش پر آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد 258 روپے 17 پیسے فی لیٹر میں دستیاب پیٹرول اب 266 روپے 17 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہوگا۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے 16 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ اس طرح 275 روپے 70 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 280 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور یہ آئندہ پندرہ روز تک نافذ العمل رہیں گی۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد عوامی و کاروباری حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔