عاصم منیر

صدر ٹرمپ کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں خصوصی ظہرانہ، دو طرفہ تعلقات اور خطے کی سیکیورٹی پر اہم بات چیت متوقع

واشنگٹن ڈی سی، یورپ ٹوڈے: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں خصوصی ظہرانہ دیں گے۔ یہ ظہرانہ امریکی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے کیبنٹ روم میں منعقد ہوگا، جس میں اہم امریکی حکام بھی شرکت کریں گے۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کے درمیان ایک اہم ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی سیکیورٹی صورتحال، اور خاص طور پر ایران-اسرائیل تنازع جیسے حساس معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق یہ ملاقات کلوزڈ پریس ہوگی، تاہم ظہرانے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کی جانب سے میڈیا سے گفتگو متوقع ہے، جس میں ملاقات کے نکات اور مستقبل کے تعاون پر روشنی ڈالی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اس ظہرانے میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر دفاع ہینکر اور دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔ علاوہ ازیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں بھی شیڈول کی گئی ہیں۔

یہ ملاقات نہ صرف پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر بھی غیر معمولی سفارتی اہمیت رکھتی ہے۔ مبصرین کے مطابق فیلڈ مارشل کا یہ دورہ ان عناصر کے لیے ایک واضح پیغام ہے جو پاکستان کے بین الاقوامی کردار کو محدود کرنے کے خواہاں ہیں—پاکستان اب عالمی سفارتی منظرنامے پر ایک فعال اور مؤثر ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔

پاکستان اور انڈونیشیا کا ویکسین سازی میں تعاون پر اتفاق، صحت کے شعبے میں شراکت داری کا نیا باب Previous post پاکستان اور انڈونیشیا کا ویکسین سازی میں تعاون پر اتفاق، صحت کے شعبے میں شراکت داری کا نیا باب