
ترکیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف کا جی ایچ کیو کا دورہ، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: ترکیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف سلجوق بایراکتار اوغلو نے جمعہ کے روز جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دفاعی اور عسکری امور، باہمی دلچسپی کے شعبوں کے علاوہ علاقائی اور عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاک–ترکیہ دفاعی اور فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطے اور تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور تاریخی رشتوں پر مبنی ہیں۔
ترکیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف نے شاندار میزبانی پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور تربیت، مشترکہ فوجی مشقوں اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر ترک جنرل کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔