ترکمانستان

ترکمانستان کی غذائی برآمدات میں 30 فیصد اضافہ، 2025 میں 2 لاکھ 63 ہزار میٹرک ٹن سے زائد مصنوعات بیرونِ ملک روانہ

عشق آباد: ترکمانستان کی غذائی مصنوعات کی برآمدات میں سال 2025 کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں مجموعی طور پر 2 لاکھ 63 ہزار میٹرک ٹن سے زائد خوراکی اشیا بیرونِ ملک بھیجی گئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہیں۔ یہ اعداد و شمار ترکمانستان کی ریاستی کسٹمز سروس نے منگل کو جاری کیے۔

رپورٹ کے مطابق ترکمانستان گرین ہاؤس ٹماٹروں کی برآمدات کے حوالے سے خطے میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ سال 2025 میں تازہ ٹماٹروں کی برآمدات 1 لاکھ 81 ہزار میٹرک ٹن سے تجاوز کر گئیں، جو 2024 کے مقابلے میں 21 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔

اسی طرح سبزیوں اور تازہ پھلوں کی برآمدات میں سال بہ سال 5 فیصد اضافہ ہوا، پیک شدہ غذائی مصنوعات میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ کنفیکشنری مصنوعات کی برآمدات میں غیر معمولی طور پر 123 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ غیر الکوحل مشروبات کی برآمدات میں 282.6 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔

مزید برآں، ملک نے تقریباً 6 ہزار میٹرک ٹن مرغی کے انڈے اور لگ بھگ 26 ہزار میٹرک ٹن غذائی اجناس (اناج) بھی برآمد کیں۔

ریاستی کسٹمز سروس کے مطابق سرحدی چوکیوں پر غذائی اشیا کی کلیئرنس کو ترجیح دی جاتی ہے تاکہ صارفین تک بروقت اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ نجی پیداواری اداروں کے ساتھ باقاعدگی سے ورکنگ اجلاس منعقد کیے جاتے ہیں، کسٹمز قوانین اور ان میں ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق قانونی معاونت فراہم کی جاتی ہے، اور برآمد کنندگان کو بیرونی اقتصادی سرگرمیوں سے متعلق نئی خدمات اور موجودہ تقاضوں سے آگاہ رکھا جاتا ہے۔

پاکستان Previous post اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کا دوٹوک مؤقف، فلسطینی حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ
پاکستان Next post رنجشوں سے آگہی تک کا سفر