
برطانیہ میں یورپ کا پہلا یونیورسل تھیم پارک بنانے کا اعلان، 28 ہزار ملازمتوں کی نوید
لندن، یورپ ٹوڈے: برطانیہ کی حکومت نے یورپ میں پہلا یونیورسل تھیم پارک بنانے کے منصوبے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جو بیڈفورڈ کے قریب سابقہ کیمپسن ہارڈوک برِک ورکس کے مقام پر تعمیر کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تفریحی مقام 2031 میں کھلنے سے قبل تقریباً 28,000 ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گا۔ 476 ایکڑ پر محیط اس منصوبے سے توقع کی جا رہی ہے کہ افتتاحی سال میں ہی 85 لاکھ سیاح اسے دیکھنے آئیں گے۔
برطانوی وزیرِ اعظم سر کیئر اسٹارمر نے یونیورسل کمپنی کی اس کثیرالبین الاقوامی سرمایہ کاری کو “یورپ کے سب سے بڑے تفریحی پارکوں میں سے ایک کی میزبانی” قرار دیا، اور کہا کہ “یہ منصوبہ بیڈفورڈشائر کو عالمی نقشے پر اجاگر کرے گا”۔
یونیورسل ڈیسٹینیشنز اینڈ ایکسپیریئنس کے مطابق نئی ملازمتوں میں سے 80 فیصد بیڈفورڈشائر اور اس کے گرد و نواح کے افراد کو دی جائیں گی۔
یونیورسل، جو منیئنز اور وِکڈ جیسی فلمیں بنانے والی کمپنی ہے، اس وقت امریکہ (اورلینڈو و لاس اینجلس)، جاپان (اوساکا)، سنگاپور (سینٹوسا) اور چین (بیجنگ) میں تھیم پارکس چلا رہی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ بیڈفورڈشائر میں تعمیر ہونے والا پارک “یورپ کے سب سے بڑے اور جدید ترین” تھیم پارکوں میں شمار ہوگا۔ اگرچہ یونیورسل کا نام پہلے اسپین کے پورٹ ایونچورا ریزورٹ سے منسلک رہا ہے، تاہم برطانیہ میں بننے والا یہ تھیم پارک پہلا مکمل طور پر خود ڈیزائن اور تعمیر شدہ منصوبہ ہوگا۔
ثقافتی امور کی سیکرٹری لیزا نینڈی نے اس “تاریخی سرمایہ کاری” کو برطانیہ کی معیشت کے لیے ایک “شاندار خبر” قرار دیا۔
بی بی سی بریک فاسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا: “یہ صرف امریکی تخلیقات کو برطانیہ لانے کا معاملہ نہیں، بلکہ برطانوی تخلیقات کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کا بھی موقع ہے۔”
انہوں نے مزید کہا، “یہ جیمز بونڈ، پیڈنگٹن بیئر اور ہیری پوٹر جیسے کرداروں کی عالمی نمائش کا ذریعہ بنے گا – ہمارے پاس فخر کرنے کو بہت کچھ ہے۔”
یونیورسل کی جانب سے منصوبے کی مکمل منظوری کے لیے درخواست برطانوی حکومت کو جلد پیش کی جائے گی، جبکہ تعمیراتی کام 2026 میں شروع ہونے کی توقع ہے۔
خیال رہے کہ یونیورسل کے اورلینڈو ریزورٹ نے 2023 میں 9.75 ملین اور ہالی ووڈ ریزورٹ نے 9.66 ملین وزیٹرز کو خوش آمدید کہا، جیسا کہ تھیم انڈیکس رپورٹ میں بتایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 2016 میں این بی سی یونیورسل نے وارنر برادرز کے ساتھ سات سالہ معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت اسے ہیری پوٹر اور فینٹاسٹک بیسٹس فلموں کی ٹی وی نشریات کے حقوق حاصل ہوئے۔