
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی مظاہرین سے عزت و احترام کے ساتھ پیش آنے کی ہدایت، امن برقرار رکھنے کی اپیل
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اتوار کے روز پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ موجودہ صورتحال میں مظاہرین کے جذبات کو سمجھا جائے اور ان کے ساتھ عزت و احترام کا سلوک کیا جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے لیے افطار کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر مسلمان رنجیدہ اور اشکبار ہے، تاہم ملک اور شہروں میں امن و امان برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ قانون کی بالادستی اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کی اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ انہوں نے کہا، "غم کی اس گھڑی میں ہم سب متحد ہیں۔”
دریں اثنا عالمی یومِ شہری دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہری دفاع کے ادارے کی بحالی اور مضبوطی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ادھر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ایران پر حملے اور سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کو نہایت افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے تہران کی سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے اور اقوام متحدہ میں جارحیت کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے مذہبی جماعتوں اور شہریوں سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا کہ پرتشدد مظاہرے یا قانون کو ہاتھ میں لینا دشمن عناصر کے مفاد میں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا، "اگر ہم اپنے غم کو اپنے ہی ملک میں بدامنی میں بدل دیں گے تو اس سے دشمن کو فائدہ ہوگا۔”
صوبائی وزیر اطلاعات نے عوام سے تحمل کا مظاہرہ کرنے، احتجاج کو پُرامن رکھنے اور جان و مال کے کسی بھی نقصان سے گریز کرنے کی اپیل کی۔