
امریکہ کا بھارت پر درآمدی ٹیرف بڑھانے کا اعلان: روسی تیل کی خریداری پر ٹرمپ کا سخت ردعمل
واشنگٹن/نیویارک، یورپ ٹوڈے: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کی جانب سے روسی تیل کی بڑے پیمانے پر خریداری اور اس سے حاصل ہونے والے منافع پر شدید ردعمل دیتے ہوئے بھارت پر عائد درآمدی ٹیرف میں نمایاں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ “بھارت روسی تیل کی بڑی مقدار خرید کر اسے عالمی منڈی میں فروخت کر رہا ہے، جس سے اسے بھاری مالی فائدہ ہو رہا ہے، جبکہ اسے اس بات کی کوئی پروا نہیں کہ روس یوکرین میں کتنے افراد کو ہلاک کر رہا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ بھارت کی روس کے ساتھ دفاع، توانائی اور تجارت میں بڑھتی ہوئی قربتیں امریکا کے لیے قابلِ تشویش ہیں، جس کی وجہ سے بھارت کے ساتھ تجارتی پالیسیوں پر ازسرِنو غور کیا جا رہا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ جلد ہی بھارت کی طرف سے امریکا کو ادا کیے جانے والے ٹیرف میں خاطر خواہ اضافہ کریں گے، تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ اضافے کی شرح کتنی ہوگی۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے ٹرمپ نے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا: “بھارت کے ساتھ امریکا کو بہت بڑے تجارتی خسارے کا سامنا ہے۔ بھارتی تجارتی پالیسیاں غیر معمولی طور پر سخت، تکلیف دہ اور غیر مالیاتی تجارتی رکاوٹوں سے بھری ہوئی ہیں، جو دنیا کی سب سے پیچیدہ رکاوٹوں میں سے ہیں۔”