
پروفیشنل باکسنگ: پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے بھارتی حریف کو پہلے ہی راؤنڈ میں شکست دے دی
بینکاک، یورپ ٹوڈے: پاکستانی پروفیشنل باکسر عثمان وزیر نے تھائی لینڈ میں منعقدہ مقابلے میں بھارتی باکسر تیھلک سیل وام کو محض 1 منٹ 5 سیکنڈ میں شکست دے دی۔
بھارتی باکسر عثمان وزیر کے دو مکے بھی برداشت نہ کر سکے اور رنگ میں گر گئے، جس کے بعد ریفری نے تکنیکی بنیادوں پر عثمان وزیر کو فاتح قرار دے دیا۔
مقابلے کے پہلے راؤنڈ کے چند سیکنڈ بعد ہی عثمان کا زوردار مکا بھارتی باکسر کو لگا جس سے وہ سنبھل نہ پائے اور رنگ میں بیٹھ گئے۔ جیسے ہی وہ اٹھنے کی کوشش کر رہے تھے، عثمان وزیر نے ایک اور مکہ جڑ دیا، جس کے بعد بھارتی باکسر مکمل طور پر بے بس ہوگئے۔ ریفری نے صورت حال کو دیکھتے ہوئے عثمان وزیر کو تکنیکی بنیادوں پر کامیاب قرار دیا۔
یہ عثمان وزیر کی مسلسل 14 ویں کامیابی ہے۔ اس فائٹ کو ’جیو سوپر‘ پر براہ راست دکھایا گیا۔
میچ کے بعد عثمان وزیر نے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم سے اچھے روابط قائم کرنے کی اپیل کی، اور اس فتح کو برصغیر میں کھیلوں کے ذریعے دوستی کے فروغ کا ذریعہ قرار دیا۔