
ازبکستان کے سفیر کی پاکستان کے یوم آزادی پر دلی مبارکباد
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر ازبکستان کے سفیر، محترم عالی جناب علی شیر تخطایف نے پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں سفیر علی شیر تخطایف نے کہا کہ 14 اگست ہر پاکستانی کے لیے فخر اور خوشی کا دن ہے، یہ وہ لمحہ ہے جب 1947 میں پاکستان خواب اور پختہ یقین کے ساتھ وجود میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ مبارکباد صرف ازبکستان کے سفیر کی حیثیت سے نہیں بلکہ پاکستان کے ایک دوست اور بھائی کی حیثیت سے دے رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کو قدرت کی عطا کردہ بے شمار نعمتوں کا حامل ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے دلوں کا رشتہ تجارت، ثقافت، تعلیم اور ذرائع آمدورفت کے ذریعے مزید مضبوط ہو رہا ہے۔
سفیر علی شیر تخطایف نے پاکستان کی خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا: "پاکستان کا پرچم ہمیشہ بلند رہے، پاکستان زندہ باد، پاکستان-ازبکستان دوستی پائندہ باد۔”