اکادمی ادبیات پاکستان میں ویتنام کے سفیر محترم فام آن تھوان کی آمد، باہمی ادبی و ثقافتی تعاون پر تبادلۂ خیال

اکادمی ادبیات پاکستان میں ویتنام کے سفیر محترم فام آن تھوان کی آمد، باہمی ادبی و ثقافتی تعاون پر تبادلۂ خیال

اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: پاکستان میں متعین ویتنام کے سفیر محترم فام آن تھوان نےاج 7/ اپریل 2025 کو اکادمی ادبیات پاکستان کا دورہ کیا اور صدر نشیں اکادمی ڈاکٹر نجیبہ عارف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ویت نام کے فرسٹ سیکرٹری، محترم ٹرونگ وان تھانگ، سیکنڈ سیکرٹری محترم فام ہونگ کوانگ اور اکادمی کے ناظم/ مدیر اعلی جناب محمد عاصم بٹ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ادبی و ثقافتی تعلقات اور روابط پر گفتگو ہوئی۔

اکادمی ادبیات پاکستان اور ویتنام رائٹرز ایسوسی ایشن کے مابین پچھلے سال ادب و ثقافت کے شعبے میں باہمی تعاون کا معاہدہ بھی ہوا ہے۔اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے مندوبین کی باہمی ترسیل،ادب پاروں کے باہم تراجم اور ادبی اداروں کے باہمی روابط قائم ہوں گے۔ اس سلسلے میں اکادمی ویت نام کے عظیم لیڈر اور شاعر ہوچی منہ کی منتخب شاعری کا اردو ترجمہ شائع کرے گی اسی طرح ویت نام رائٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے منتخب شعرا کی شاعری اور کہانیوں کے تراجم ویت نامی زبان میں شائع کرے گی۔صدر نشیں اکادمی ڈاکٹر نجیبہ عارف نے محترم سفیر کو اکادمی کے رواں اور مستقبل کے ادبی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ ویت نام کے محترم سفیر نے ویت نام میں اردو زبان و ادب کے فروغ کی صورت حال پر گفتگو کی اور اسے حوصلہ افزا قرار دیا۔ صدر نشیں اکادمی ڈاکٹر نجیبہ عارف اور ویتنام کے سفیر محترم فام آن تھوان نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی ادب کے تراجم اور ادبی و ثقافتی تعلقات میں مزید تیزی لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بعد ازاں ویتنام کے محترم سفیر نے اکادمی کے ایوان اعزاز اور پاکستانی زبانوں کے ادبی عجائب گھر کا بھی دورہ کیا اور ان میں گہری دلچسپی لی۔ انھوں نے ایوان اعزاز میں آویزاں پاکستان کے ادبی اکابرین کے تعارف اور ان کی نگارشات کی تعریف کی۔ معزز سفیر نے پاکستانی زبانوں کے ادبی عجائب کے دورے کے موقع پر کہاکہ یہ عجائب گھر اکادمی کا اہم منصوبہ ہے جس کے تحت پاکستانی زبانوں کا نایاب ورثہ محفوظ کیا گیا ہے۔صدر نشیں اکادمی ڈاکٹر نجیبہ عارف نے ویت نام کے محترم سفیر آن تھوان، ویتنام ایمبیسی کے فرسٹ سیکرٹری محترم ٹرونگ وان تھانگ اور سیکنڈ سیکرٹری محترم فام ہونگ کوانگ کا شکریہ ادا کیا اور انھیں اکادمی کی مطبوعات کا سیٹ پیش کیا ۔

آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات کا 8 اپریل کو پاکستان کا سرکاری دورہ، اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے مذاکرات Previous post آذربائیجان کے وزیر اقتصادیات کا 8 اپریل کو پاکستان کا سرکاری دورہ، اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے مذاکرات
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، کے ایس ای-100 انڈیکس میں 3,000 سے زائد پوائنٹس کی کمی Next post پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، کے ایس ای-100 انڈیکس میں 3,000 سے زائد پوائنٹس کی کمی