
لبنان میں واکی ٹاکی ڈیوائسز میں دھماکے، چودہ افراد جاں بحق
بیروت، یورپ ٹوڈے: لبنان میں گزشتہ روز پیجر ڈیوائسز دھماکوں کے بعد واکی ٹاکی سیٹ میں بھی دھماکے ہوئے، جن میں چودہ افراد جاں بحق ہو گئے۔ دھماکوں کے بعد لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
لبنانی میڈیا کے مطابق، یہ دھماکے لبنان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں بھی ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں چودہ افراد جاں بحق اور ساڑھے چار سو سے زائد زخمی ہوئے۔ حزب اللّٰہ ذرائع نے عرب میڈیا کو بتایا کہ بیروت میں حزب اللّٰہ ارکان کے زیر استعمال واکی ٹاکیز میں دھماکے ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق، دھماکے جنازوں میں شریک افراد کے ساتھ فون میں ہوئے۔ دھماکوں کے باعث گھروں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق، بیروت میں دو دھماکے ہوئے، جن میں سے ایک گاڑی میں تھا۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل حزب اللّٰہ کے زیر استعمال پیجر ڈیوائسز میں دھماکے ہوئے تھے، جن میں نو افراد جاں بحق اور تین ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ حزب اللّٰہ نے ان دھماکوں کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا ہے۔