
وانا میں حملے کے افغان طالبان کے دعوے بے بنیاد قرار، وزارت اطلاعات کا فیکٹ چیک جاری
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزارتِ اطلاعات و نشریات نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے فیکٹ چیک جاری کیا ہے جس میں افغان طالبان کی نام نہاد وزارت دفاع کی جانب سے وانا میں کامیاب حملے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
وزارتِ اطلاعات کے مطابق جنوبی وزیرستان کے اوپر ایک ڈرون کو تباہ کیا گیا جسے سافٹ کِل ٹیکنالوجی کے ذریعے ناکارہ بنایا گیا۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی فوجی تنصیب یا انفراسٹرکچر کو کوئی نقصان پہنچا۔
وزارت نے افغان طالبان کی جانب سے کیے گئے دعوے کو بے بنیاد، من گھڑت اور پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ طالبان اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے غلط اور گمراہ کن دعوے کرتے رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ماضی میں بھی پاکستان ایئر فورس کے طیارے گرانے اور پائلٹس کو گرفتار کرنے جیسے دعوے کیے گئے تھے جو بعد میں مکمل طور پر جھوٹے ثابت ہوئے۔
وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ایسی معلومات حقائق کے برعکس ہیں اور عوام کو چاہیے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں۔
بیان کے مطابق سچ ہمیشہ جھوٹ اور پروپیگنڈے پر غالب آتا ہے۔