
وسیم اکرم کا قومی کرکٹ ٹیم میں تبدیلیوں کا مطالبہ، نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے پر زور
کراچی، یورپ ٹوڈے: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم نے قومی ٹیم میں کم از کم دو سے تین تبدیلیوں کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے پر زور دیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، مگر قومی ٹیم کی موجودہ کارکردگی پر یہی توقعات تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر بہت باتیں ہو چکی ہیں، اب مستقبل پر توجہ دینی چاہیے اور ٹیم کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہییں۔ وسیم اکرم نے چیمپیئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔
واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت سے شکست کے بعد وسیم اکرم نے قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چھ سینئر کھلاڑیوں کو فارغ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم شکستوں کی عادی ہو چکی ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ وائٹ بال کرکٹ میں نئے، بے خوف نوجوان کرکٹرز کو شامل کیا جائے تاکہ ٹیم میں مثبت تبدیلیاں لائی جا سکیں۔