
بڑے آبی ذخائر کی تعمیر کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر ہدایت اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں بڑے آبی ذخائر (ریزروائرز) کی تعمیر کے لیے وسائل کی فراہمی سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
20 رکنی اس کمیٹی کی سربراہی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کریں گے۔ کمیٹی میں وفاقی وزراء، مشیروں، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی اعلیٰ قیادت سمیت دیگر متعلقہ حکام شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام متعلقہ صوبوں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد 9 جون 2025 تک اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے۔ کمیٹی کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کسی بھی موزوں فرد کو بطور رکن شامل کر سکتی ہے تاکہ کام کی تکمیل مؤثر انداز میں ممکن ہو۔ کابینہ ڈویژن اس کمیٹی کو سیکرٹریٹ کی سطح پر معاونت فراہم کرے گا۔
کمیٹی میں شامل اہم ارکان درج ذیل ہیں:
- نائب وزیراعظم اسحاق ڈار
- وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال
- وفاقی وزیر برائے خزانہ و ریونیو محمد اورنگزیب
- وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ
- وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ
- وفاقی وزیر برائے آبی وسائل
- قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم ملک
- وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز
- وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی
- وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور
- وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ
- وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انورالحق
- وزیراعلیٰ گلگت بلتستان
- وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ
- وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اقتصادی امور طارق باجوہ
- سیکرٹری کابینہ
- سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن
- سیکرٹری خزانہ
- سیکرٹری آبی وسائل
- سیکرٹری منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات
یہ کمیٹی ملک میں پانی کے بڑھتے ہوئے بحران سے نمٹنے اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مؤثر منصوبہ بندی کے لیے ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔