
جنوبی اسپین میں تیز ہواؤں اور بارش سے تین افراد جاں بحق
سیویل، یورپ ٹوڈے: جنوبی اسپین میں تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش نے شدید تباہی مچائی، جس کے نتیجے میں ایک فارم کے گودام کی چھت اُڑ جانے سے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ یہ افسوسناک واقعہ کوریا دل ریو کے قریب پیش آیا، جو کہ تقریباً 30 ہزار آبادی پر مشتمل ایک قصبہ ہے اور جنوبی شہر سیویل سے 15 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
مقامی ایمرجنسی سروسز کی ترجمان کے مطابق، اطلاع دینے والے شخص نے فون کال کے دوران بتایا کہ گودام کی چھت اُڑ چکی ہے اور دیواروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ جب امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں تو وہاں تین افراد مردہ حالت میں پائے گئے۔
اسپین کی مرکزی حکومت کے نمائندے فرانسسکو توسکانو نے میڈیا کو بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کی عمریں 40 سے 61 سال کے درمیان تھیں، اور ان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ مذکورہ گودام میں کام کرنے والے مزدور تھے۔ ان میں سے دو افراد آپس میں بھائی تھے۔
فرانسسکو توسکانو کے مطابق ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ گودام کو پہنچنے والا نقصان ممکنہ طور پر ایک چھوٹے ٹورناڈو (گردباد) کے نتیجے میں ہوا ہے۔
اسپین کے قومی محکمہ موسمیات “ایمیت” (AEMET) نے جنوبی خطے اینڈلوسیا کے لیے شدید بارش اور تیز ہواؤں کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا تھا۔ ان خراب موسمی حالات کی وجہ طوفان “نوریا” کو قرار دیا جا رہا ہے، جو پڑوسی ملک پرتگال کو بھی متاثر کر رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، مارچ کے آغاز سے اب تک اسپین کو پانچواں طوفان درپیش ہے، اور رواں ماہ میں معمول سے ڈھائی گنا زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان طوفانوں کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر دس افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں آج جاں بحق ہونے والے تین افراد بھی شامل ہیں۔