
عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 40 ارب ڈالر کے رعایتی قرض پیکج کی تیاری مکمل کر لی
اسلام آباد، یورپ ٹوڈے: عالمی بینک نے پاکستان کو آئندہ 10 برسوں کے دوران رعایتی قرض فراہم کرنے کے لیے 40 ارب ڈالر کا پیکج تیار کر لیا ہے۔
اقتصادی امور ڈویژن کے حکام کے مطابق، کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت پاکستان کو 20 ارب ڈالر صرف دو فیصد رعایتی شرح سود پر دیے جائیں گے، جو انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن (آئی ڈی اے) اور انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈیولپمنٹ (آئی بی آر ڈی) کے ذریعے فراہم ہوں گے۔
مزید 20 ارب ڈالر نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے ذریعے نسبتاً زیادہ شرح سود پر دیے جائیں گے۔
حکام نے بتایا کہ یہ فنڈز ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات، غیر متوقع بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے، غربت اور غذائی قلت کے خاتمے، بچوں میں بڑھوتری کی کمی (اسٹنٹنگ) پر قابو پانے، تعلیم کے فروغ، زرعی ترقی اور شمولیتی معیشت کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ، قرض کی رقم صاف توانائی کے فروغ، گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں کمی، فضائی آلودگی پر قابو پانے، اور ٹرانسپورٹ، صنعت و تعمیرات کے شعبوں میں بھی خرچ کی جائے گی۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق، کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر عمل درآمد کے لیے قومی منصوبے کی تیاری آخری مراحل میں ہے اور منصوبے کی تکمیل کے فوراً بعد عالمی بینک کی جانب سے فنڈز کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔