
نوجوانوں کا کردار قومی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق
اسلام آباد،یورپ ٹوڈے: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نوجوانوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکاؤٹ تحریک کردار سازی اور قومی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
عالمی یومِ اسکاؤٹس کے موقع پر اپنے پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسکاؤٹ تحریک نوجوانوں میں نظم و ضبط، دیانت داری اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینے کا مؤثر پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکاؤٹنگ نوجوانوں میں قیادت کی صلاحیتیں اور اجتماعی ذمہ داری کا شعور پیدا کرتی ہے، جس کے ذریعے وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنتے ہیں۔
سردار ایاز صادق نے پاکستانی اسکاؤٹس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں پاکستانی اسکاؤٹس نے ہمیشہ مثالی لگن اور جذبے کا مظاہرہ کیا ہے اور متاثرہ افراد کی مدد کے لیے صفِ اول میں کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعمیری اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا پائیدار قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان قوم کا روشن مستقبل ہیں اور ان کی مثبت تربیت اور رہنمائی پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگی کے لیے اسکاؤٹنگ اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنا ضروری ہے تاکہ ان کے اثرات کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے قومی اسمبلی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ملک بھر میں اسکاؤٹ تحریک کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔