یومِ استحصال کشمیر: مسلح افواج کا کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ

یومِ استحصال کشمیر: مسلح افواج کا کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ

راولپنڈی، یورپ ٹوڈے: یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول چیف، ایئر چیف اور پاکستان کی مسلح افواج کشمیری عوام کی اس جائز اور طویل جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں جو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے تحت ان کا ناقابلِ تنسیخ حق ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر مسلسل غیر قانونی قبضہ، کرفیو نما محاصرہ، انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں، اور آبادیاتی تناسب کی غیر قانونی تبدیلیاں عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، جو نہ صرف خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہی ہیں بلکہ انسانی المیے کو بھی جنم دے رہی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کا جابرانہ رویہ، جنگجویانہ بیانیہ اور اشتعال انگیز اقدامات جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

اعلامیے میں زور دیا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازعے کا منصفانہ اور پُرامن حل، کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق، خطے میں دیرپا امن کے لیے ناگزیر ہے۔

آخر میں مسلح افواج نے مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور ان کی جائز جدوجہد کی ہر ممکن سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ قبضے کو 6 سال مکمل — آج یومِ استحصال منایا جا رہا ہے Previous post مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ قبضے کو 6 سال مکمل — آج یومِ استحصال منایا جا رہا ہے
استحصالِ کشمیر Next post یومِ استحصالِ کشمیر: صدر، وزیراعظم اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کا کشمیریوں سے یکجہتی کا اعادہ، بھارت کے اقدامات کی مذمت